اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سینیر رہ نما حسین ابو کویک نے کہا ہے کہ فلسطین میں مساجد میں نمازیوںکی تعداد بڑھانے کے لیے جاری ‘فجر عظیم’ مہم کامیاب کے ساتھ چل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فجر عظیم مہم کی کامیابی فلسطینی قوم کے لیے خیرو برکت اور بیداری کی علامت ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حسین ابو کویک نے ایک بیان میں کہا کہ فجر عظیم مہم نے یہ ثابت کیا ہےکہ فلسطینی قوم غیرمسبوق ہمت اور حوصلے کی مالک ہے۔ فلسطینی قوم کی بیداری مسلم امہ کی نصرت اور القدس سمیت تمام مقدسات کے دفاع کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کا مساجد اور اللہ کی طرف رجوع برکت اور نصرت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نماز فجرمیں اللہ میں بہ جماعت اللہ کے سامنے حاضری اللہ کریم کے قرب کا بہترین ذریعہ ہے۔ نماز ہی ایمان اور منافقت کے درمیان فرق کرنے والی عبادت ہے۔
َخیال رہے کہ تین ماہ قبل فلسطین میں’فجر عظیم’ کے عنوان سے ایک عظیم الشان مہم شروع ہوئی تھی جس میں فلسطینی شہریوں کو بالعموم تمام نمازیں بالخصوص فجر کی نماز مساجد میں ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس مہم کے شروع ہونے کے بعد بڑی تعداد میں مسلمان مساجد کا رخ کر رہے ہیں۔