اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کو وادی اردن سے ملانے اور یہودی کالونیوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لیے فلسطینی سرزمین پر ایک نئی سڑک کی کھدائی شروع کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی حکام نے جنوبی نابلس میں قائم کی گئی دو یہودی کالونیوں عیلی اور شیلو کو غرب اردن کے شمال میں وادی اردن سے ملانے کے لیے سڑک کی کھدائی شروع کی ہے۔
غرب اردن میں یہودی کالونیوں کے امور کے ماہر غسان دغلس نے بتایا کہ یہ سڑک 8 کلو میٹر طویل ہوگی۔ اس دوران دوما، تلفیت، قریوت، جنوبی نابلس، المغیر اور وسطی وادی اردن میں فصائل قصبے کی زرعی اراضی میں تعمیر کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نابلس میں جبعیت فوجی کیمپ سے شروع ہوگی جو عین الرشاش، الحجر، حجورہ الرسم، رغبان، الزمارہ، ام سویعدہ اور فصائل تک تعمیر کی جائے گی۔
خیال رہے کہ صہیونی ریاست نے 2014ء میں غرب اردن میں 300 کلو میٹر کے علاقے پر بائی پاس سڑکیں تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوردی تھی۔