پنج شنبه 01/می/2025

ٹرمپ کا منصوبہ اسرائیلی ویژن کا حصہ: عوامی محاذ

جمعرات 13-فروری-2020

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نےامریکا کے ‘سنچری ڈیل’ منصوبے کو اسرائیل کے مستقبل کے ویژن کا حصہ قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی ڈیل دراصل اسرائیل کا منصوبہ ہے جس کا مقصد تنازع کو اپنی مرضی کے مطابق حل کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنچری ڈیل کا منصوبہ کئی سال سے تیاری کے عمل سے گذرا  اور اس  پرعمل درآمد سے قبل فلسطین، عرب اور عالمی سطح پر ایسے حالات سازگار بنائے گئے۔

بیان میں مزید کہاگیا ہےکہ عرب ممالک کے داخلی سیاسی نظام میں کم زوریاں، عرب حکومتوں اور ان کی عوام کےدرمیان پائے جانے والے اختلافات اور عرب حکومتوں‌کی طرف سے صہیونی ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی کوششیں سنچری ڈیل کو ہموار کرنے کا حصہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ ٹرمپ کی ڈیل میں ارض فلسطین اور عرب ممالک کی سرزمین پر اسرائیلی ریاست کی بالادستی کے قیام کے لیے سال ہا سال سے چلے آرہے نظریاتی،فکری، اقتصادی اور ثقافتی اصولوں کو پامال کیا گیا۔

عوامی محاذ نے تنظیم آزادی فلسطین پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات اور مفاہمتی عمل ختم کر کے قومی یکجہتی کی طرف واپس آئے۔

خیال رہے کہ امریکا نے 28 جنوری کو سنچری ڈیل کا اعلان کیا جس میں غرب اردن کی تمام یہودی کالونیوں اور متحدہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا گیا ہے۔ امریکی صدر کے اس نام نہاد اعلان پر فلسطینی قوم، عرب اقوام اور عالم اسلام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی