گذشتہ روز مصر کے اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی وفد نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران مصری وفد نے اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی قیادت سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور بالخصوص غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور محصورین غزہ کی معاشی حالت بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں مصری وفد واپس چلا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری سیکیورٹی وفد اور جماعت کی قیادت کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور فلسطینی قوم کے مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ مصری وفد اور حماس رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں غزہ کی پٹی کے عوام پر اسرائیلی پابندیوں میں نرمی، فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور امریکا کے صدی کی ڈیل منصوبے کے خلاف فلسطینیوں کو متحد کرنے سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔