امریکی کانگرس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 107 ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے مشرق وسطیٰ سےمتعلق نام نہاد امن منصوبے پر وارننگ دی ہے۔ ان ارکان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبہ انتہائی متنازع ہے اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ارکان کانگرس کی طرف سے امریکی صدر کو کہا گیا ہے کہ ان کا مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مزید بدامنی اور تشدد کا باعث بنے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ معاہدہ اسرائیل کے اردن اور مصر کے ساتھ طے پائے امن معاہدوں کو بھی خطرے میں ڈال دے گا۔
کانگرس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 107 ارکان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مکتوب ارسال کیا ہے جس پرانہوں نے دستخط ثبت کیے ہیں۔
انہوںنے امریکی صدر کو خبردار کیا ہے کہ ان کا مشرق وسطیٰ امن منصوبہ’سنچری ڈیل’ تنازع کے حل کے بجائے مزید بدامنی کا باعث بنے گا۔
انہوںنے خبردار کیا کہ یک طرفہ اقدامات سے تنازع فلسطین کے حل کے بجائے تنازع میں مزید شدت آسکتی ہے۔ اسرائیل کو غرب اردن اور وادی اردن کے علاقوں کو یک طرفہ طور پر اسرائیل میں ضم کرنے کے اقدامات سے سختی سے گریز کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے مزعومہ امن منصوبے’ڈیل آف دی سنچری’ کا اعلان کیا تھا۔ فلسطینی قوم نے امریکی صدر کا نام نہاد امن منصوبہ مسترد کردیا ہے۔