فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں مزاحمتی تنصیبات پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیل کے ڈرون طیاروں کی مدد سے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر بمباری کی گئی۔
اس کے بعد اسرائیلی فوج نے اس مرکز کے قریب چار مزید میزائل داغے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب متعدد میزائل داغے گئے جن میں کم سے کم تین یہودی آباد کار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی آباد کار فورا زمین دوز بنکروں میں گھس گئے۔