فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں چند ماہ قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی بچہ دم توڑ گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 15 سالہ علاء ھانی حمادہ العباسی چند ماہ قب غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں حق واپسی ریلیوں میں شرکت کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے اسپتال داخل کیا گیا جہاں وہ گذشتہ شام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء کو غزہ کی پٹی میں حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی غزہ کے لیے ایک احتجاجی تحریک شروع ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے اس تحریک کوکچلنے کے لیے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال جاری رکھا جس کے نتیجے میں تین سو سے زاید فلسطینی شہید اور تیس ہزار کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔