کیوبا نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی امن منصوبے’صدی کی ڈیل’ کو جانب دارانہ، ناقابل قبول اور تاریخ کا دھوکہ قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کیوبا کے وزیرخارجہ برونو روڈریگیز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی منصوبے کےنتیجے میں اسرائیل کو فلسطینی اور عرب اراضی پر قبضے کو وسعت دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ فلسطینی قوم کے حقوق کی کھلے عام پامالی اور تاریخ کا بدترین دھوکہ اور فراڈ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے حقوق ناقبل تغیرہیں اور کیوبا بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔ اس کے علاوہ کیوبا فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کی اپنے وطن کی واپسی کے مطالبے کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔