اسلامی جہاد نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیاسی گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں غرب اردن میں رام اللہ اتھارٹی کے وفادار سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کوجمہوری اور آئینی سیاسی حقوق کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں اور رہ نمائوں کی پکڑ دھکڑ سے فلسطینی عوام میں سیکیورٹی اداروں کی ساکھ بری طرح مجروح ہوئی ہے۔
اسلامی جہاد کے ترجمان سعید نخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں جمہوریت کی نفی اور وہاں کےعوام پرعرصہ حیات تنگ کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے۔
نخلہ کا مزید کہنا تھا کہ غرب اردن میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں اور اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون دونوں جرائم ہیں اوران کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔