فلسطین میں اسرائیلی جیلوں میں قید کیےگئے فلسطینیوں کے حقوق کے ذمہ دار سرکاری ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی حکام نے 60 فلسطینی بچوں کونہ صرف وکیل کرنے کے آئینی حق سے محروم کردیا ہے بلکہ انہیں عقوبت خانوں میں ڈال دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’ حال ہی میں صہیونی حکام نے’عوفر’جیل سے 60 بچوں جن کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔ انہیں عوفر جیل سے ایک دوسری جیل دامون میں منتقل کردیا۔ جیل میں منتقلی کےعمل کے ساتھ ساتھ صہیونی حکام کی طرف سے کم عمر اسیران کو کسی قسم کی طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور انہیں وکیل کرنے کے حق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔
خیال رہےکہ اسرائیلی جیلوں میں قید 6500 فلسطینیوں میں 300 بچے ہیں۔ اس کے علاوہ سیکڑوں انتظامی قیدی اور ایک ہزار سے زاید بیماریوں میں مبتلا اسیران شامل ہیں۔