فلسطینی تحریک فتح کے ایک سرکردہ لیڈر عزم الاحمد نے کہا ہےکہ موجودہ حالات میں ملک میں انتخابات کا انعقاد مشکل ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عزام الاحمد تنظیم آزادی فلسطین کے ایگزیکٹو اور تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کے سینیر رکن ہیں۔
فلسطین کے سرکاری ٹی وی چینل کے ٹاک شو’آج کا پروگرام’ میں بات کرتے ہوئے عزام الاحمد نے کہا کہ اس وقت اسرائیل میں انتخابات سرپر ہیں۔ ہمیں پہلے دیکھنا ہوگا کہ اسرائیل میں انتخابات کس کروٹ بیٹھتے ہیں۔
تحریک فتح کے رہ نما نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی، مشرق وسطیٰ کی ابتر صورت حال ، عرب ممالک کو کشیدگی میں لپیٹنا اور فلسطین میں جاری کشمکش کے ہوتے ہوئے فلسطین میں انتخابات انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کئی ماہ قبل ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ فلسطین کی بڑی جماعتوں میں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔