اسلامی جمہوریہ ایران کے مرشد اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعہ کے روز القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی عراق میں امریکی حملے میں شہادت کے بعد بریگیڈیئر اسماعیل قاآنی کو ان کا جانشین اور القدس فورس کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک برقی پیغام میں کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ان کی جگہ بریگیڈ یئراسماعیل قا آنی کو القدس فورس کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ بریگیڈیئر قاآنی پاسداران انقلاب کے سینیر کمانڈر میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ عراق اور ایران کے درمیان گذشتہ صدی کے آخر میں ہونے والی 8 سالہ جنگ میں بھی شامل رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بریگیڈیئر قا آنی جنرل قاسم سلیمانی کے مشن میں شامل رہے ہیں اور ان کے دست راست ہیں۔ وہ ان کے مشن کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔ پڑوسی ممالک میں ان کے گہرا اثرو رسوخ ہے۔
خیال رہے کہ بریگیڈیئر اسماعیل قا آنی شہید جنرل قاسم سلیمانی کے نائب کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کے مزاحمتی قوتوں کے ساتھ گہرے دوستانہ مراسم ہیں۔ میدان جنگ میں بھی وہ غیرمعمولی پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں۔