قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں 6 فلسطینی نوجوانوں کو ان کے گھروں پرنظر بند کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمال مشرقی بیت المقدس کے قصبے العیسویہ پراسرائیلی فوج نے چھاپہ مارا اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں چھ فلسطینی نوجوانوں کو ان کے گھروں پر نظر بند کردیا۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے چھ فلسطینی نوجوانوں صالح ابو عصب، انور عبید، نضال غنام،فائز محیسن، محمد علیان اور محمد مصطفیٰ کو ان کے گھروں پرنظر بند کردیا۔
محکمہ اسیران کا کہنا ہے کہ ان فلسطینیوں پر اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے، سنگ باری کرنے اور دیگر الزامات عاید کیے گئے ہیں۔