قابض صہیونی فوج نے فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں دیوار فاصل کےقریب ایک زرعی فارم پر کام کرنے والے دو فلسطینی کاشت کاروں کو گولی مار دی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ شمالی طولکرم کے علاقے نزلہ عیسیٰ کے مقام پر پیش آیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں زخمی فلسطینیوں کو طولکرم میں قائم شہید ثابت ثابت اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت 25 سالہ احمد حسام کتانہ اور 21 سالہ ضرار راسم کتانہ کے نام سے کی گئی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے ضرار کے کندھے پرگولی لگی ہے جس کے نتیجے میں گہرے زخم آئے ہیں۔ تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
گذشتہ منگل کے روز اسرائیلی فوج نے شمالی طولکرم کے مختلف قصبوں میں فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ ایک ہفتے سے کم عرصے میں طولکرم میں 8 فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوچکے ہیں۔