خلیجی ریاست قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ قطری وزیر خارجہ الشیخ محمد عبدالرحمان آل ثانی نے کہاہے کہ دوحا اور الریاض کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک جلد ہی سفارتی اور اقتصادی تعلقات بحال کرلیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
اٹلی کے دارلحکومت روم میں ایک کانفرنس سے خطاب میں قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ طویل عرصے تک محاذ آرائی کی حالت میں نہیں رہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ قطر اور سعودی عرب کے درمیان گذشتہ تین سال سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ قطر کی طرف سے سرکاری سطح پر سعودی عرب کے ساتھ بات چیت کی بحالی کے لیے مذاکرات کا پہلی بار انکشاف کیا گیا ہے۔
قطری وزیر خارجہ کاکہنا تھاکہ ہم بند گلی سے نکل کراب خلیجی بحران کے حل اور مستقبل کے ویژن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
عبدالرحمان آل ثانی نے مزیدکہا کہ سعودی عرب کی طرف سے پیش کردی 13 شرائط پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی بلکہ مذاکرات ان شرائط سے ہٹ کر ہو رہے ہیں۔
خیال رہےکہ 2017ء سے سعودی عرب اور قطرکے درمیان تعلقات کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے ساتھ مل کر قطر کا معاشی محاصرہ کررکھا ہے۔