ترکی کی میزبانی میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے نسل پرستی کے ذریعے دہشت گردی مزید بڑھا دی ہے۔ کانفرنس میں فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کی طرف سے برتے جانے والے نسلی امتیاز، اپارتھائیڈ نظام، اس کے مضمرات اور اس کی روک تھام کے طریقہ کار پرغورکیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق استنبول میں اسرائیلی نسل پرستی کے خلاف عالمی کانفرنس 29 اور 30 نومبر کومنعقد کی گئی جس میں عالمی ماہرین اورمسلمان ممالک کے وفود نے شرکت کی۔
کانفرنس میں فلسطینی اراضی پراسرائیلی ریاست کے نسل پرستانہ طرز عمل، نسلی امیتاز اور فلسطینیوں کے خلاف برتے جانے والے ناروا امتیازی سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔ کانفرنس میں عالمی برادری، عالم اسلام اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی دہشت گردی منظم نسل پرستی کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
کانفرنس کے انعقاد کا مقصد قابض صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف برتے جانے والے نسلی امتیاز کی روک تھام، اس حوالے سے عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داریوں کے تعین، نسل پرستی کی روک تھام کے لیے سول سوسائٹی کے کردار اور اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ مظاہر کی روک تھام کے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
کانفرنس میں ماہرین تعلیم، دانشور، سفارت کار،انسانی حقوق کے مندوبین، فن کار، سیاسی رہ نما اور نسل پرستی کے خلاف سرگرم بین الاقوامی کارکنوں نے شرکت کی۔