چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل نے اسیران کے خلاف خوفناک جنگ مسلط کررکھی ہے: فلسطینی عہدیدار

پیر 25-نومبر-2019

فلسطینی وزارت اسیران کے سینیر عہدیدار اور سیکرٹری امور اسیران بہاء الدین المدھون نے کہا  ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی غاصب دشمن کے نشانے پر ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں بہاء الدین المدھون نے کہا کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کو درپیش حالات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ فلسطینی اسیران کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔

المدھون کا کہنا تھا کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی اسیران پر عرصہ حیات غیر مسبوق انداز میں تنگ کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں اور انہیں طرح طرح کے ظالمانہ اور وحشیانہ ہتھکنڈوں کا سامنا ہے۔

بہاء الدین مدھون نے فلسطینی اسیران کے ساتھ اسرائیلی ریاست کے مجرمانہ برتائو پرعالمی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے عالمی اداروں اور انسانی  حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ صہیونی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کے بنیادی حقوق اور ان کے مطالبات پورے کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ سیکڑوں فلسطینی جان لیوا امراض کا شکار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی