نائل البرغوثی جو اس وقت اسرائیلی جیل میں قید تنہائی کا شکار ہیں نے ایک پیغام جاری کیا ہے’حقیقی امن’ کے عنوان سے جاری پیغام کی ایک نقل مرکزاطلاعات فلسطین کو بھی موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ارض فلسطین کے حقیقی مالک فلسطینی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن سے اپنے حقوق چھیننے کا واحد راستہ قومی وحدت اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے۔ فلسطینی قومی قوتوں کو تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہی منزل کے مسافر اور راہی ہیں اور ایک ہی گاڑی پرسوار ہیں۔ قومی اتحاد ہی فلسطینی قوم کے مفاد میں ہے۔ فلسطینی دھڑوں میں اختلافات سے صرف دشمن کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
اسیر فلسطینی رہ نما نے کہا کہ آزادی فلسطین اور حق واپسی کا حصول ہم سب کا اجتماعی مطالبہ ہے جس کے حصول کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ نائل البرغوثی 40 سال سے اسرائیلی زندانوں میں قید ہیں۔ انہیں 1978ء میں اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا۔ ان پرایک اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
سنہ 2011ء میں انہیں قیدیوں کے تبادلے کے ایک معاہدے کے تحت رہا کیا گیا مگر 2014ء میں سابق اسیران کے خلاف کریک ڈائون کےدوران انہیں دوبارہ حراست میں لے کر 30 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ سزا پوری ہونے کے بعد ان کی سابقہ سزا بحال کردی گئی۔