جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطین میں یہودی آباد کاری کے بارے میں جامعہ الازھر کا موقف آ گیا

جمعرات 21-نومبر-2019

مصر کی سب سے بڑی دینی اور علمی درس گاہ جامعہ الازھرنے فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے متعلق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔ جامعہ الازھر کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ کے بیان نے عرب اقوام کو سخت غم غصے سے دوچار کیا ہے اوران کے بیان سے فلسطینیوں اور عربوں کے ساتھ شدید نفرت ظاہرہوتی ہے۔

منگل کو ایک بیان میں جامعہ الازھر نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر آزاد فلسطینی ریاست کےقیام کی مساعی کو تباہ کرنے اور مظلوم فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق دبانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ سوموار کے روزامریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نےایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطین میں یہودی آباد کاری کو غیرقانونی نہیں سمجھتا اور یہ کہ سابق صدر باراک اوباما کا فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی مخالفت پرمبنی موقف غلط اور افسوسناک تھا۔

جامعہ الازھر کی طرف سے جاری بیان میں خبرادر کیا گیا ہے کہ القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے بعد مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع کی اجازت دینا انتہائی خطرناک اور شرمناک اقدام ہے۔

جامعہ الازھر کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ کا بیان فلسطین پر اسرائیلی ریاست کے ناجائز تسلط اور قبضے کو وسعت دینا اور صہیونی ریاست کے جرائم  میں اس کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کا فلسطین میں یہودی بستیوں کیی تعمیرو توسیع سے متعلق موقف بین الاقوامی قوانین اور عالمی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی