اردنی حکام نے اسرائیلی عہدیداروں کو بتایا ہے کہ عمان نے تل ابیب کو لیز پر دیئے گئے علاقوں ‘الباقورہ’ اور ‘الغمر’ میں کل اتوار سے اسرائیلیوں کے داخلے پر پابندی عاید کر دی ہے۔
خیال رہے کہ ان دونوں علاقوں کو اسرائیلی ریاست نے اردن سے 1994ء میں ایک معاہدے کے تحت لیز پر لیا تھا۔
سنہ 1994 میں دستخط کیے گئے اردنی – اسرائیلی امن معاہدے کی دفعات میں سے باقورا اور غمر کے اردنی علاقوں کو 25 سال کے لیے اسرائیل کو دیا گیا تھا اور یہ مدت 26 اکتوبر 2019 کو ختم ہوگئی ہے۔
گذشتہ سال اردن نے اسرائیلی حکومت کو مطلع کیا تھا کہ عمان باقورا اور الغمر کے لیز کے معاہدے کی تجدید نہیں کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی حکام کو بتا دیا ہے کہ کل اتوار 10 نومبر سے الباقورہ اور الغمر میں اسرائیلیوں کے داخلے پرپابندی عاید کردی ہے۔
عبرانی ویب سائٹ”I24″ کے مطابق اردن نے اسرائیل کی طرف سے الباقورہ اور الغمر کی لیزمیں توسیع کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی ہے۔ اُردن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے الباقورہ اور الغمر میں اسرائیلی قبضہ برقرار رہنا خطرناک ہوسکتا ہے۔