چهارشنبه 30/آوریل/2025

ایران کا یورینیم کی افزودگی میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان

جمعرات 7-نومبر-2019

اسلامی جمہوریہ ایران  کے صدرحسن روحانی نے بدھ سے فردو پلانٹ پر یورینیم افزودگی کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ تہران 1044 سینٹری فیوجز میں یورینیم گیس کے دخول کا آغاز کردے گا۔

صدر روحانی نے منگل کے روز ایک نشری خطاب میں یہ اعلان کیا ہے۔ایران 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کے تحت سینٹری فیوجز میں گیس داخل نہ کرنے کا پابند ہے۔اس اعلان پر عمل درآمد کے بعد وہ جوہری سمجھوتے کی ایک اور شق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔

حسن روحانی نے ایک مرتبہ پھر ایران کی جانب سے اس پیش کش کا اعادہ کیا ہے کہ اس نے جوہری سمجھوتے سے انحراف کے جتنے بھی اقدامات کیے ہیں، انھیں واپس لیا جاسکتا ہے مگر اس کی یہ شرط یہ عاید کی ہے کہ سمجھوتے پر دست خط کرنے والے دوسرے ممالک بھی اپنے وعدوں کی پاسداری کریں تو ایران جوہری سمجھوتے کے تقاضوں کی پاسداری کرے گا۔

اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے فوری طور پرایرانی صدر کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ایران نے سوموار کو جدید سینٹری فیوجز آئی آر۔16 کی تعداد کو دُگنا کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ آپریشن جوہری سمجھوتے کی ایک اور خلاف ورزی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی