شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیل میں گرفتار دو اردنی شہری رہائی کے بعد عمان پہنچ گئے

جمعرات 7-نومبر-2019

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار دو فلسطینی نژاد اردنی شہری ھبہ اللبدی اور عبدالرحمان مرعی بدھ کے روز اسرائیلی جیل سے رہائی کے بعد واپس اردن پہنچ گئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ ہفتے اردن نے اپنے دو شہریوں کی بلا جواز گرفتاری کے خلاف بہ طور احتجاج اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے سخت احتجاج کیا تھا اور دونوں شہریوں کی فوری اور باعزت رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ٹویٹر پرپوسٹ ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسرائیل میں گرفتار کیے گئے ان کے دونوں شہریوں کو رہا کردیا گیا ہے۔ دونوں اردن پہنچ گئے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے پاس ہیں۔

قبل ازیں اردنی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ اسرائیل سے رہائی کے بعد شاہ حسین پل پر پہنچنے والے دونوں شہریوں ھبہ اللبدی اور عبدالرحمان مرعی کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہوگی۔

دوسری طرف اسرائیلی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگست میں دو اردنی شہریوں کو ‘خطرناک سیکیورٹی جرائم’ میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم کےدفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن نے اپنے شہریوں کی گرفتاری کے بعد تل ابیب میں موجود اپنا سفیر واپس بلالیا تھا تاہم سفیر کو جلد ہی واپس بھیج دیا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی