فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں طویل عرصے سے قید عمر رسیدہ فلسطینی فواد الشوبکی کو آنکھوں کے آپریشن کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق 80 سالہ فلسطینی الشوبکی طویل عرصے امراض چشم کا شکار تھے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے چیئرمین قدری ابو بکر نے بتایا کہ الشوبکی کو اسرائیل کے ‘برزلائی’ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ابو بکر کا کہنا ہے کہ فواد الشوبکی طویل عرصے سے آنکھوں کے امراض کا شکار تھے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان کی آنکھوں کے آپریشن کامطالبہ کررہی تھیں۔ مگر صہیونی حکام مسلسل ٹال مٹول کی پالیسی پرعمل پیرا رہےہیں معمر فلسطینی کو کسی قسم کی طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔
خیال رہےکہ اسرائیلی جیلوں میں قید 80 سالہ الشوبکی تمام قیدیوں میں عمر میں سب سے بڑے ہیں۔
فلسطینی محکمہ اسیران کا کہنا ہے کہ ان کی بیماری اور عمر کی وجہ سے وہ اسرائیلی عدالت میں الشوبکی کی سزائے قید میں تخفیف کا مطالبہ کریں گے۔
الشوبکی کو اسرائیلی فوج نے 2006ء کو حراست میں لیا تھا اور ان پرمقدمہ چلایا گیا جہاں انہیں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔