قابض صہیونی حکام کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینی اراضی پرغاصبانہ قبضے کی مہم جاری ہے۔ گذشتہ روز قابض فوج نے 2280 دونم اراضی غصب کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے۔ یہ اراضی غرب اردن کے وسط میں رام اللہ اور جنوبی شہروں الخلیل اور بیت لحم میں قبضے میں لیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے 150 دونم کی ارضی غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے بیت لقیا میں دیوار فاصل کی دوسری جانب قبضے میں لی ہے۔
بیت لقیا کے فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ قابض فوج کی طرف سے انہیں فوجی نوٹس ملے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ قصبے کے جنوب میں 150 دونم کی اراضی کو سیکیورٹی مقاصد کے لیے قبضے میں لیا گیا ہے۔ یہ اراضی فلسطینی شہریوں کی ملکیت ہے۔
ادھر قابض حکام نے بیت لحم میں 2000 دونم اراضی غصب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ یہ اراضی الجبعہ کے مقام پر قبضے میں لی جائے گی۔
اسی طرح الخلیل شہر میں 129 دونم فلسطینی اراضی غصب کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ 129 اعشاریہ 3 دونم اراضی الظاہریہ کے مقام پر قبضے میں لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اراضی کو بھی فوجی مقاصد کے لیے قبضے میں لیا جا رہا ہے۔