تیونس کے نو منتخب صدر قیس سعید نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے دیرینہ مطالبات اور ان کے حقوق کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تیونس کے نومنتخب صدر نے فلسطین کے حوالے سے جاری کردہ پہلے بیان میں کہا ہے کہ ان کی قیادت میں تیونس قضیہ فلسطین کے منصفانہ حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔
قیس سعید کا مزید کہنا ہے کہ قضیہ فلسطین تیونس کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہوگا اور ہم فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے ہرسطح پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں نو منتخب تیونسی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی بہت بڑی خیانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حوالے سے ان کا موقف ان کے حریف نبیل القروی کے موقف سے ہم آہنگ ہے۔
خیال رہے کہ قیس سعید تین روز پیشتر تیونس میں دوسرے رائونڈ میں ہونے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔