اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے مسجد اقصیٰ پر گذشتہ دو روز سے جاری یلغار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آباد کاروں کے دھاووں کو مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی سازشوں کا تسلسل قرار دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کے سیاسی شعبےکے رکن ماہر عبید نے کہا کہ یہودی آباد کاروں کے دھاوے مقدس مقام کو یہودیانے کی سازشوں کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین دن سے مسلسل اور بڑی تعداد میں قبلہ اول پریلغار کررہے ہیں۔ یہودی آباد کار’یوم کپور’ کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں گھس کرتلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کررہےہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے نام نہاد ادارے، یہودی تنظیمیں سب مل کر مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازشیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری مسلم امہ اور عرب ممالک نے مسجد اقصیٰ کی یہودیوں اور فلسطینیوں میں زمانی اور مکانی تقسیم کی سازشوں کو مسترد کردیا ہے۔
ماھر عبید نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کےساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور فلسطینی مقدسات کے دفاع کے لیے کوششیں تیز کریں۔
حماس رہ نما نے عرب ممالک، عالم اسلام اور زندہ ضمیر عالمی برادری کی توجہ مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی ریاست کی یلغار کی طرف متوجہ کراتے ہوئے دفاع قبلہ اول کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پرزور دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہودی آباد کار عید غفران یا یوم کپور نامی تہوار کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کا اشتعال انگیز سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔