قابض صہیونی حکام نے مشرقی بیت المقدس کے علاقے خان الاحمر میں فلسطینی آبادی کے قریب کوڑے کا ایک بڑا ڈھیر لگانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
القدس امور کے تجزیہ نگار اور صحافی فخری ابو دیاب نے بتایا کہ اسرائیل مشرقی بیت المقدس میں بحر مردار کے قریب ایک جگہ کوڑا کرکٹ ڈالنے کی تیاری کررہا ہے۔ اس منصوبے کے لیے تمام تنکیکی تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
فخری ابو دیاب نے بتایا کہ صہیونی ریاست نے 900 دونم کے علاقے پر قبضہ کرنے کے بعد اس میں کوڑا کرکٹ ڈالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشرقی بیت المقدس میں خان الاحمر کے اس مقام پر یومیہ 3500 ٹن کوڑا پھینکا جائے گا اور یومیہ وہاں پر کوڑا پھینکنے کے لیے 250 سے 300 ٹرک آئیں گے۔ یہ تمام ٹرک سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے وہاں پرمنتقل کیے جائیں گے۔
جس علاقے کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے وہ اس سے قبل فلسطینیوں کی مال مویشیوں کی چراگاہ سمجھی جاتی رہی ہے۔
فلسطینی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ خان الاحمرکے قریب فلسطینی علاقے میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے براہ راست 7 ہزار فلسطینی آبادی متاثر ہوگی۔ اس طرح خان الاحمر اور دیگر مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر امراض اور وبائیں پھوٹ سکتی ہیں۔