ایران نے برطانیہ کی طرف سے سعودی عرب کی ارامکو تیل تنصیبات پرحملوں میں تہران کے ملوث ہونے کا الزام بکواس اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ ایران پردبائو ڈالنے کے بجائے یمن میں سعودی فوج کی انسانی حقوق کی پامالیوں پرتوجہ مرکوز کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ ایران کا سعودی عرب کی ارامکو تیل تنصیبات سے کوئی تعلق نہیں۔
عباس موسوی نےبرطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے اس بیان کو غیرذمہ دارانہ اور فضول قرار دیا جس میں انہوں نے ارامکو حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا الزام عاید کیا تھا۔
عباس موسوی کا کہنا تھا کہ برطانیہ ایران پردبائو ڈالنے کے بجائے برطانوی حکومت سعودی عرب کو تباہ کن اسلحہ کی فروخت روکے اور یمن میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور جرائم کا نوٹس لیا جائے۔
ایرانی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے مشرق میں تیل کی تنصیبات پرحملوں میں ایران کو ملوث قرار دینا غیر ذمہ دارانہ اور ناقابل قبول ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے امریکی موقف کی تائید کرتے ہوئے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرحملوں میں ایران کے ملوث ہونے کا الزام عاید کیا تھا۔