اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گذشتہ ہفتے ایک فلسطینی خاتون شہید اور 75 زخمی ہوگئے جب کہ قابض فوج کے خلاف فلسطینیوں کی طرف سے متعدد مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ ہفتے بیت المقدس میں ایک فلسطینی خاتون کو قلندیا چوکی پر قابض فوج نے گولیاں مار کرشہید کردیا۔ اس کے علاوہ قابض فوج نے غزہ ، غرب اردن اور القدس میں درجنوں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی، ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں افراد زخمی اور دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے۔
گذشتہ ہفتے فلسطینیوں نے پٹرول بموں اور سنگ باری کے ذریعے قابض دشمن کے خلاف 65 مقامات پرمزاحمت کی۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور دیگر پرتشدد حربوں کے نتیجے میں 75 فلسطینی زخمی ہوئے۔