چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کا دھاوا، تشدد سے 46 فلسطینی زخمی

اتوار 15-ستمبر-2019

فلسطین کے تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ العیزریہ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والے تصادم میں کم سے کم 46 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارکنوں نے 46 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور ان کی مرہم پٹی کی گئی۔

زخمی ہونے والوں میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے جس کے سر میں آنسوگیس  شیل لگا اور وہ شدید زخمی ہوگئی۔ اسے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی فلسطینی جھلس گئے، درجنوں بے ہوش ہوئے اور کئی کو گہرے زخم آئے۔

اسرائیلی فوجیوں نے العیزریہ میں ایک کار پربھی آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے چھ افراد زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے دھاووں کے بعد العیزریہ میں شہری نعرے لگاتے سڑکوں پرنکل آگئے اورانہوں نے قابض فوج پر پتھرائو بھی کیا۔ اس موقع پرقابض فوج نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

ادھر ہفتے کی شام غرب اردن کے شہر قلقیلیہ میں عزون کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مختصر لنک:

کاپی