قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ قضیہ فلسطین عرب ممالک کے لیے ‘ام المسائل’ کا درجہ رکھتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ’ٹویٹر’ پروسٹ کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قضیہ فلسطین کے دیر پا، منصفانہ اور عالمی قراردادوں کے مطابق حل تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
قطری وزیرخارجہ آل ثانی کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کے ظلم وتعدی کے تسلسل کو قبول نہیں کرتے۔ قضیہ فلسطین کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دوٹوک ہے۔ ہم عرب بھائیوں کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی ہرممکن مدد جاری رکھیں گے۔
قطری وزیرخارجہ عبدالرحمان آل ثانی نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اس بیان کی شدید مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ 17 ستمبر کو ہونےوالے کنیسٹ کے انتخابات کےبعد وہ مقبوضہ غرب اردن کے علاقے وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کا اعلان کریں گے۔ نیتن یاھو کے اس بیان پرعرب ممالک ، عالم اسلام اور عالمی برادری کی طرف شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔