اسرئیلی جیل میں انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے ایک فلسطینی کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
فلسطین میں شہداء، اسیران اور زخمیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 38 سالہ اسیر سلطان احمد خلف کی بھوک ہڑتال 48 ویں روز میں جاری ہے۔ اسے’نیتزان’ جیل میں مسلسل ڈیڑھ ماہ تک قید تنہائی میں ڈالا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
القدس شہداء فائونڈیشن کے مطابق سلطان احمد خلف کا رہائشی تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے ہے اور وہ اسلامی جہاد کے مقامی رہ نما ہیں۔ انہوں نے اڑتالی روز قبل انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
اسیر خلف کو اسرائیلی فوج نے 8 جولائی 2019ء کو جنین کے نواحی علاقے برقین سے گرفتار کرکے’مجد’ جیل میں ڈال دیا تھا جہاں انہیں انتظامی قید میں ڈال دیا گیا۔