فلسطین کے مقبوضہ علاقوں غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں آج سوموار کواسرائیلی فوج کی گھرگھر تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم 30 فلسطینی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض فوج نے سیکیورٹی اداروں پرحملوں میں ملوث متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقامات پرمنتقل کردیا گیا ہے۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے طلبا اور متعدد سابق اسیران کو حراست میں لے لیا۔
الخلیل میں الفوار پناہ گزین کیمپ سے تلاشی کے دوران حراست میں لیے جانے والے فلسطینیوں کی شناخت یحییٰ صالح العمور،سابق اسیر ھاشم الرجوب اور محمد شاہین یطا سے غسان ابو ھشھش کے ناموں سے کی گئی ہے۔
بیت امر میں قابض فوج نے سابق اسیر بہاء یوسف عرعر، صوریف سےندیم ابراہیم صبارنہ اور دیگر کو حراست میں لیا گیا۔
بیت لحم سے سابق اسیر مہند جبر مطاحن کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر اسرائیلی فوج نے دو فلسطینی نوجوانوں محمد عمارنہ اور وسیم عمارنہ کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دونوں فلسطینی صہیونی فوج پر پتھرائو میں ملوث ہیں۔
ادھر قلقیلیہ شہر میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
قلقیلیہ سے کفر سابا کالونی میں تلاشی کےدوران رشید اشتیوی اور عبدالرحمان اشتیوی کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں قابض فوج نے تلاشی کی کارروائیوں میں ابو دیس اور العیساویہ کے مقامات سے 7 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج نے گرفتاریوں کے دوران فلسطینیوں کو گھروں میں گھس کر زدو کوب کیا اور قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی گئی۔