اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے اعلیٰ اختیاراتی وفد مصر کے چار روزہ کامیاب دورے کے بعد فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی واپس پہنچ گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کا وفد جمعرات کی شام رفح گذرگاہ کے راستے غزہ داخل ہوا۔
غزہ میں مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتھی، داخلی سلامتی کےڈائریکٹر توفیق ابونعیم اور دیگر پرمشتمل وفد چار روز قبل مصر کے دورے پرقاہرہ پہنچا تھا۔
قاہرہ میں حماس اور مصری حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے وفد کا دورہ قاہرہ تعمیری اور کامیاب رہا ہے۔
حماس کے وفد اور مصری حکام کے درمیان غزہ کی پٹی پراسرائیل کی مسلط کردہ ناکہ بندی، اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع اور دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔