پنج شنبه 08/می/2025

لبنانی فوج کی اسرائیل کے ڈرون طیاروں پر جوابی حملہ

جمعرات 29-اگست-2019

لبنان میں سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ لبنانی فوج نے ملک کے جنوبی حصے میں اسرائیل کے دو ڈرون طیارون پر فائرنگ کی ہے۔ یہ فائرنگ سرکاری احکامات پر عمل درامد کرتے ہوئے کی گئی۔

نامہ نگاروں نے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کو ہلکی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور بھاری توپوں کا استعمال نہیں کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ واقعے سے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لے رہی ہے۔

اتوار کے روز علی الصبح بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ میں اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ دھماکا خیز مواد لے کر جانے والا ایک دوسرا ڈرون طیارہ زمین کے نزدیک دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

بعد ازاں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے اپنے خطاب میں الضاحیہ میں دو اسرائیلی طیاروں کے گرنے کو ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا۔

حسن نصر اللہ نے ڈرون طیاروں کے حملوں اور دمشق کے نزدیک اسرائیلی بم باری پر اپنی جانب سے اسرائیلی فوج کو کھلے جواب کی دھمکی بھی دی۔ دمشق کے نزدیک اسرائیلی کارروائی میں حزب اللہ کے دو ارکان مارے گئے تھے۔

حسن نصر اللہ نے خبردار کیا کہ شمالی اسرائیل کے علاقے محفوظ نہیں رہیں گے اور حزب اللہ لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی اسرائیلی ڈرون طیارے کو مار گرانے پر کام کرے گی۔

مختصر لنک:

کاپی