لبنان کی اعلیٰ دفاعی کونسل نے اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں ڈورن حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کو اپنے دفاع کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھرپور حق ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنانی ڈیفنس کونسل کا اجلاس کل منگل کے روز بیروت میں ہوا جس میں وزیراعظم، لبنانی صدر آرمی کمانڈر اور اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اس نے اپنے اجلاس کے بعد کہا کہ لبنانیوں کو کسی بھی حملے سے اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔قبل ازیں لبنانی صدر میشل عون نے بھی کہا تھا کہ ان کے ملک کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔انھوں نے اسرائیلی ڈرون حملوں کو اعلانِ جنگ قرار دیا تھا۔
اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ اسرائیل کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک کے لیے تمام دفاعی اقدامات کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیل نے لبنان کےجنوب میں حزب اللہ کے مراکز پر ڈرون حملے کیے تھے جن میں تنظیم کے مراکز کو نقصان پہنچایا گیا۔