اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے مقبوضہ فلسطین کے ڈائریکٹر اسلامی اوقاف عزام الخطیب کوتفتیش کے لیے سیکیورٹی مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ قابض صہیونی ریاست کے انٹیلی جنس حکام نے سرکردہ مذہبی رہ نما اور القدس اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ عزام الخطیب کو پیشی کے لیے طلب کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الشیخ الخطیب کو القدس میں قائم المسکوبیہ حراستی مرکز میں پیشی کا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند ایام کے دوران مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے تین محافظ حراست میں لے لیے تھے۔ اس کے علاوہ قابض حکام نے باب رحمت کے قریب سے دو فلسطینی لڑکیوں کو بھی حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کیا ہے۔