چهارشنبه 30/آوریل/2025

افغانستان:داعش کا شادی کی تقریب پر وحشیانہ حملہ، دسیوں جاں بحق

پیر 19-اگست-2019

حکومت کابل میں ہفتہ کی شب شادی کی ایک تقریب میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں تریسٹھ افراد ہلاک اور ایک سو اسّی سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ماتم کدہ میں تبدیل ہونے والی شادی میں ایک ہزار سے زیادہ افراد شریک تھے۔ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

افغان طالبان نے کابل شہر کے مغرب میں واقع دبئی سٹی شادی ہال میں ہونے والے اس خودکش بم دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔ کسی اور جنگجو گروپ نے بھی اب تک اس تباہ کن بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ ماضی میں طالبان اور داعش سے وابستہ گروپ کابل میں اس طرح کے تباہ کن بم حملے کرتے رہے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ آور بمبار نے شادی کے شرکاء کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا تھا۔

بم دھماکے میں زندہ بچ جانے والے ایک باراتی نے بتایا ہے کہ ’’یہ ان کے والد کے چچا زاد کی شادی کی تقریب تھی اور اس میں قریباً بارہ سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ وہ دلھا کے ساتھ ایک اور کمرے میں تھے۔جب دھماکا ہوا تو ہال میں ہر طرف لوگ زخمی حالت میں خون میں لت پت نظر آر ہے تھے اور کسی کا کچھ پتا نہیں چل رہا تھا کہ وہ کہاں ہے۔‘‘

عینی شاہد نے مزید بتایا ہے کہ بم دھماکے کے بعد ایک مقامی اسپتال کے باہر بہت سی لاشیں اور زخمی پڑے تھے۔انھیں شادی ہال سے وہاں منتقل کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی