فلسطین میں اسرائیل کی جاری ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 7 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ گذشتہ ہفتے 56 مقامات پرفلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا۔ فلسطینیوں کی جوابی مزاحمتی کارروائیوں میں 8 صہیونی فوجی زخمی ہوئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 26 سالہ علاء خضر الھریمی شہید ہوگیا۔ جمعہ کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں فلسطینی ریلیوں پراسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 91 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ اس روز اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں8 مقامات پرتصادم ہوا۔
جمعرات کو اسرائیلی فوج نے القدس میں العیزریہ کے مقام پر 14 سالہ فلسطینی بچے کو شہید کردیا۔ اس روز بیت المقدس میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں 7 مقامات پر تصادم ہوا اور مسجد اقصیٰ میں سخت کشیدگی رہی۔
بدھ کو فلسطینی شہریوں نے غرب اردن کی متعدد یہودی کالونیوں میں آبا دکارں پرحملے کیے۔ قابض فوج کے ساتھ 7 مقامات پرتصادم ہوا۔
منگل کو غرب اردن میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں، فلسطینی نوجوانوں نے راس کراکر،العیساویہ، جبل المکبر، یہودی کالونیوں اشکول، سدیروت، سدوت، ھنیگیو اور دیگر پر پٹرول بموں سے حملے کیے۔ منگل کو فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں 8 مقامات پرتصادم ہوا۔
سوموار کو چار مقامات پرفلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم ہوا۔
عید کے روز اتوار کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں بیت حانون کےمقام پرایک جھڑپ میں 26 سالہ مروان خالد ناصر، کو شہید کردیا۔ اس روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 فلسطینی زخمی ہوئے۔ فلسطینیوں کی سنگ باری سے پانچ صہیونی بھی زخمی ہوگئے۔ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں غزہ میں 4 فلسطینی نوجوان شہید ہوئے۔ ان کی شناخت عبداللہ اشرف الغمری، عبداللہ اسماعیل الحمایدہ، عبداللہ المصری اور احمد ایمن العدینی کے ناموں سے کی گئی۔