عراق کے انٹیلی جنس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا الحشد الشعبی کے اسلحہ کے مراکز پر بمباری کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
عراقی انٹیلی جنس کے قریب سمجھے جانے والے تجزیہ نگار فاضل ابو رغیف نے منگل کو ایک مضمون میں انکشاف کیا کہ اسرائیل نے عراق میں شیعہ مزاحمتی گروپ ‘الحشد الشعبی’ کے اسلحہ کے مراکز اور دیگر اڈوں پر بمباری کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
ابو رغیف نے مزید کہا کہ عراقی انٹیلی جنس اداروں کو مصدقہ ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ اسرائیل عراق میں الحشد کے اسلحہ مراکز کی نشاندہی کے بعد ان پر بمباری کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل کا ٹارگٹ الحشد کے جنگجوئوں کے مراکز نہیں بلکہ اس کے اسلحہ کے ٹھکانے ہوسکتے ہیں۔
عراق کے رشیا ٹوڈے چینل کی رپورٹ کے مطابق جنوبی بغداد میں سوموار کے روز ہونے والے دھماکےاسرائیل کے عراق کے لیے تیار کردہ پلان کا حصہ ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی بغداد میں سوموار کے روز ایک اسلحہ گودام میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکے الحشد ملیشیا کے ایک اسلحہ گودام میں ہوئے۔
عراقی وزارت صحت کے مطابق جنوبی بغداد میں ہونے والی دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور انتیس زخمی ہوئے ہیں۔