فلسطین کے مفتی اعظم اورمسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے روز یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کے پیش نظر عید کی نماز ایک گھنٹہ موخر کر دی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ محمد حسین کا کہنا ہے کہ پہلے عید کی نماز مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھے بجے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول میں داخلے سے روکنے کے لیے نماز ساڑھے سات بجے ادا کی جائے گی۔
نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں الشیخ محمد حسین نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں سے روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو اپنے مقدس مقامات کا خود دفاع کرنا ہوگا۔ ہمیں مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کے ہاتھوں پامال کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
ادھر فلسطینی سپریم اسلامی کمیٹی، اسلامی اوقاف اور دارالافتاء کی طرف سے جاری ایک مشترکہ بیان میں بیت المقدس کی تمام مساجد کے آئمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ عید کے دن مسجدیں بند رکھیں اور عیدالاضحیٰ کی نماز مسجد اقصیٰ میں ادا کریں۔