فلسطینی علماء کونسل نے لبنان میں ایک مظاہرے کےدوران نامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ کرکے تحریک فتح کے مقامی رہ نما حسین جمال علاء الدین کے قتل کو مجرمانہ واردات قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علماء کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ لبنان میں عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں نکالی جانےوالی ایک پرامن ریلی پر فائرنگ اور تحریک فتح کے رہ نما کا قتل مجرمانہ فعل ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
فلسطینی علماء کونسل نے قتل کیے گئے تحریک فتح کے رہ نما کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لبنانی حکومت سے اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں لبنانی وزیر لیبر کے ایک متنازع قانون کے خلاف فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاجی جلوس نکالا۔ اس موقع پر نامعلوم مسلح افراد نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تحریک فتح کا ایک مقامی کارکن حسین علاء الدین جاں بحق ہوگیا تھا۔
فلسطین کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بھی حسین علاء الدین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لبنانی حکومت سے اس اندھے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔