قابض صہیونی حکام کی فوج اور پولیس گردی کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے خلاف معاشی دہشت گردی بھی جاری ہے۔ گذشتہ روز قابض صہیونی فوج کی بھاری نفری نے القدس کی اسرائیلی بلدیہ کے حکام کے ہمراہ باب العامود کے مقام پر فلسطینی دکانوں پر چھاپے مارے اور فلسطینی دکانداروں کو بغیر کسی وجہ کے بھاری جرمانے کیے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج اور بلدیہ کے حکام کی چھاپہ مار کارروائی پر فلسطینی تاجر برادری سخت مشتعل ہے اور بازاروں میں سخت کشیدگی کی فضائی پائی جا رہی ہے۔ باب العامود کے مقام پراسرائیلی حکام نے بلا جواز فلسطینی تاجروں کو جرمانے کیے۔
خیال رہے کہ باب العامود بازار مسجد اقصیٰ میں آنے جانے والے فلسطینیوں کےلیے مرکزی راستہ ہے۔ جمعہ کے ایام اور عید کے موقع پر فلسطینی شہری یہاں سے خریداری میں دلچسپی لیتے ہیں مگر صہیونی حکام نے انتقامی کارروائی کے تحت باب العامود میں فلسطینی دکانداروں کو ہراساں کرنا اور انہیں کھل کر کاروبار کرنے سے محروم کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔