مکہ معظمہ میں فلسطینی عازمین حج کے ہوٹل میں آتش زدگی کے نتیجے میں خیمے کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فلسطینی وزارت اوقاف ومذہبی امور کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ آتش زدگی کا واقعہ آج منگل کے روز ‘جوہرہ السعد’ ہوٹل میں پیش آیا۔ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم سعودی شہری دفاع نے آگ پرفورا قابو پالیا اور اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
فلسطینی وزارت اوقاف کے مطابق ‘جوہرالسعد’ ہوٹل میں فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی عازمین حج قیام پذیر تھے۔
فلسطینی وزارت اوقاف نے بتایا کہ ہوٹل سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے جس کے بعد حکام فوری حرکت میں آگئے اور انہوں نے ہوٹل میں داخل ہو کرفوری کارروائی کی اور آگ پرقابو پالیا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے 2900 فلسطینی حج کے لیے مکہ معظمہ پہنچے ہیں۔