اسرائیلی اخبارات کی طرف سے شائع کی گئی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی وزارت خزانہ 500 ملین شیکل یعنی 13 کروڑ 90لاکھ ڈالر کی رقم اسرائیل کی بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کو منتقل کردی ہے۔ یہ رقم اسرائیل نے ٹیکسوں کی مد میں جمع کی تھی جسے تل ابیب نے فلسطینی اتھارٹی کو ادا کرنا تھا۔
اخبار’ دی مارکر’ کے مطابق اسرائیلی بجلی سپلائی کمپنی نے اتوار کو نصف ارب شیکل کی رقم وصول کی۔ یہ رقم فلسطینی اتھارٹی کو ادا کی جانا تھا مگر اسرائیلی حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کو یہ رقم دینے سےانکار کردیا تھا۔ قابض صہیونی ریاست کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والی رقم فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کی کفالت پر صرف کرتی ہے۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی پاور سپلائی کمپنی کو بلوں کی مد میں رقم ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ رواں سال فروری کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی کمپنی کو بلوں کی مد میں رقم ادا نہیں کی۔
فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا تھا جب اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو واجب الاداء رقوم ادا کرنےسے انکار کردیا تھا۔ فلسطینی اتھارٹی اسے فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینے کا مکروہ حربہ قرار دیتی ہے۔
رواں سال فروری میں اسرائیلی کابینہ نے وزارت خزانہ کو فلسطینی اتھارٹی کو واجب الاداء رقوم براہ راست اسرائیلی بجلی کمپنی کے واجبات کی مد میں روکنے کی اجازت دی تھی۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کی بجلی سپلائی کمپنی کی 2 ارب 80 کروڑ شیکل کی نا دہندہ ہے۔