لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے وفد نے بیروت میں متعین ترک سفیر حقان چاکیل سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے لبنان میں مندوب ڈاکٹر احمد عبدالھادی کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے ترک سفیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں لبنان میں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن جہاد طہ، لبنان میں تعلقات عامہ کے انچارج ایمن شناعہ، شعبہ اطلاعات کےانچارج عبدالمجید عوض اور دیگر موجود تھے۔
حماس کی قیادت نے ترک سفیر سے ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل بالخصوص لبنانی وزیر لیبر کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے جاری کردہ نئے اور متنازع قانون پر بات چیت کی گئی۔
حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ جماعت کے رہ نما احمد عبدالھادی نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی 12 سالہ پابندیوں اور ان کے اثرات، غزہ کی پٹی میں جاری حق واپسی مظاہروں اور انہیں کچلنےکےلیے اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کے استعمال پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر ترک سفیر نے یقین دلایا کہ ان کا ملک فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی حمایت جاری رکھے گا۔
حماس کی قیادت نے ترکی کی طرف سے فلسطینیوں کی بے لوث حمایت اور مدد جاری رکھنے پرانقرہ کاخصوصی شکریہ ادا کیا۔