فلسطین میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کے ایک گروپ نے گذشتہ روز ترکی میں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خالد مشعل نے زخمیوںکی قربانیوںکی تعریف کی اور ان کی مدد اور نصرت کا مطالبہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنگ کے زخمیوںسے بات چیت کرتے ہوئے خالد مشعل نے زخمیوں کو قوم اور مسلم امہ کے ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جنگ کے زخمی شہریوں کےساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس جنگ کے زخمیوں کو تنہا نہیںچھوڑے گی بلکہ ان کی بحالی اور ان کے خاندانوں کی مدد کے ساتھ زخمیوں کےعلاج کی تکمیل اور بہ حفاظت ان کے خاندانوں کےساتھ ملانے کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
حماس رہ نما نے فلسطینی زخمیوں کو ترکی میں علاج کی ہرممکن سہولت فراہم کرنے پر ترک حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے ترکی لے جائی گئی تھی جہاں انہیں ہرممکن طبی سہولت فراہم کی گئی۔