چهارشنبه 30/آوریل/2025

القسام کمانڈر کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائَے گا

جمعہ 12-جولائی-2019

فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں‌نے جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے دوران القسام بریگیڈ کے ایک کمانڈر کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کا بدلہ لینے کا عہد کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ‌کے کمانڈر کو گولیاں مار کرشہید کرنے کا واقعہ کھلی ریاستی دہشت گردی اور صہیونیوں کا ناقابل معافی جرم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کے کمانڈر کی شہادت دشمن کی بہت بڑی حماقت ہے اور اسے اس کی قیمت چکانا ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر شہداء فلسطین کی طرح شہید محمود الادھم کا خون بھی رائے گاں‌نہیں جائے گا بلکہ دشمن کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔

بیان میں‌ خبردار کیا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ مزاحمتی قوتیں دشمن کی ہرحماقت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہےکہ کل جمعرات کے روز شمالی غزہ میں‌بیت حانون کےمقام پر اسرائیلی فوجیوں‌نے فائرنگ کرکے القسام بریگیڈ کے ایک کمانڈر محمود الادھم کو شہید کردیا تھا۔ القسام بریگیڈ نے اس واقعے کی ذمہ داری اسرائیلی فوج پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجاھد کی شہادت کا مناسب وقت پر دشمن کو جواب دیا جائے گا۔

 

مختصر لنک:

کاپی