خلیجی ریاست سلطنت عُمان کی جانب سے فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی میں نادار اور غریب فلسطینی گھرانوں کے لیے 33 لاکھ 3 ہزار 900ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امدادی رقم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا’ کی طرف سے ادا کی جائے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’اونروا’ کےغزہ میں قائم دفتر سےجاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ سلطنت عمان کی طرف سے دی جانے والی امداد غزہ کے 2227 فلسطینی غریب گھرانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ امداد کی تقسیم کے لیے شہریوںکی اوسط یومیہ آمدن کا تناسب دیکھا جائے گا۔ جو شہری روزانہ اوسطا پونے دو ڈالر کماتے ہیں، یہ امدادی رقم ان میں تقسیم کی جائے گی۔ اس طرح فی کنبہ 150 ڈالر کی نقد امداد حاصل کرے گا۔
سلطنت عمان کی جانب سے یہ امدادی رقم عیدالاضحیٰ کے موقع پر دی جائے گی۔ اس سے قبل بھی سلطنت عمان ماہ صیام میں فلسطینیوں کو خوراک کی شکل میں امداد فراہم کرچکا ہے جب کہ عید پر جانوروں کی قربانی کی مد میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔