قابض صہیونی وزیر زراعت اور انتہا پسند سیاست دان اوری ارئیل کی قیادت میں کل بدھ کو یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس کی اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں کی طرف سے یہودی آبادکاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
مقامی فلسطینی ذرائع کاکہنا ہے کہ انتہا پسند یہودی لیڈرارئیل نے اپنے ساتھ آنے والے آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں مزعومہ ہیکل سلیمانی کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ اس کے بعد یہودی آباد کاروں نےباب السلسلہ کو باہر نکلنے کے لیےاستعمال کیا اور وہاں پر بھی اشتعال انگیز حرکات کی گئیں۔
القدس میں محکمہ اوقاف کے ترجمان فراس الدبس نے بتایا کہ اسرائیلی وزیرزراعت اوری ارئیل کی قیادت میں یہودی شرپسندوں کا ایک گروپ دیر تک مسجد اقصیٰ میں گھومتا رہا۔ انہوں نے مقدس مقام کی بے حرمتی اور تلمودی تعلیمات کی آڑ میں مذہبی رسومات بھی ادا کی گئیں۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاوے روز کا معمول بن چکے ہیں اور آئے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کار قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں۔